اسلام آباد ۔ 19 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے کہا ہے کہ حکومت کی موثر پالیسیوں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر ایک بار پھر بین الاقوامی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ گذشتہ روز ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2013ءسے پہلے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کو احسن انداز سے نہیں اٹھایا گیا لیکن پاکستان مسلم لیگ (ن) کے موجودہ دور حکومت میں اس کی مثبت سفارتی پالیسیوں کی بدولت اس مسئلہ کو ایک مرتبہ پھر بھرپور اہمیت حاصل ہو گئی ہے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات کے خواہشمند ہیں لیکن ان کے اس جذبے کا بھارت کی طرف سے بہتر جواب نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا بھی مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی بہیمانہ کارروائیوں کو واضح طور پر دکھا رہا ہے، طارق فاطمی نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے انکی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔