واشنگٹن ۔ یکم مئی(اے پی پی)امریکی کانگریس کے ارکان وفاقی اخراجات بل کے مسودے پر متفق ہوگئے ہیں جس کے بعد حکومتی امور کے ٹھپ ہوجانے کے خدشات ٹل گئے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق کانگریس کے ذرائع نے بتایا ہے کہ معاہدے کے تحت 30ستمبر تک وفاقی مالیاتی طریقہ کار کو برقرار رکھا جائیگا ۔ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز میں اس حوالے سے بل کی منظوری دیدی جائیگی۔اس بل میں سرحدی سیکیورٹی کیلئے 1.5ارب ڈالر مختص کئے گئے ہیں تاہم میکیسکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کیلئے فنڈز کا ذکر نہیں کیا گیا۔بل کے مسودے میں صحت کیلئے دو ارب جبکہ فوجی اخراجات میں اضافے کی تجاویز بھی شامل کی گئیں ہیں۔