نہال ہاشمی کی پارٹی رکنیت معطل کر دی گئی ہے ، وزیر اعظم کی واضح ہدایت ہے کہ وہ فوری طور پر سینیٹر شپ سے استعفیٰ دیں،ڈاکٹر آصف کرمانی

اسلام آباد ۔ 31 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور اور ترجمان مسلم لیگ (ن) ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ سینیٹر نہال ہاشمی کی پارٹی رکنیت معطل کر دی گئی ہے اور انہیں بتایا گیا کہ وزیر اعظم کی واضح ہدایت ہے کہ وہ فوری طور پر سینیٹر شپ سے استعفیٰ دیں۔ ڈاکٹر آصف کرمانی نے بدھ کو جاری بیان میں کہا کہ سینیٹر نہال ہاشمی کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہال ہاشمی کو وزیراعظم ہاوس طلب کرکے شو کاز دیئے جانے اور ان کی پارٹی رکنیت معطل کئے جانے کے فیصلہ سے آگاہ کیا گیا۔ ڈاکٹر آصف کرمانی نے نہال ہاشمی کو بتایا کہ وزیراعظم ان کے غیر ذمہ دارانہ بیان، پارٹی پالیسی اور ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پر سخت نالاں ہیں۔ سینیٹر نہال ہاشمی کو بتایا گیا کہ وزیراعظم کی واضح ہدایت ہے کہ وہ فوری طور پر سینیٹر شپ سے استعفیٰ دیں۔