وفاقی حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں کمی کا اعلان

وفاقی حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں کمی کا اعلان، پٹرول کی قیمت میں ایک روپے 60 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 20 پیسے کمی، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا

اسلام آباد ۔ 31 مئی (اے پی پی) وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں کمی کا اعلان کر دیا ۔ پٹرول کی قیمت میں ایک روپے 60 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 20 پیسے کمی کی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، نئی قیمتیں بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات 12 بجے سے 30 جون رات 12 بجے تک لاگو رہیں گی۔ بدھ کو وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اوگرا نے مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتیں بڑھانے کی تجویز دی تھی چونکہ ان دونوں مصنوعات کا استعمال کم آمدن والے لوگ کرتے ہیں اس لئے ان دونوں مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی تجویز مسترد کرتے ہوئے پرانی قیمتیں برقرار رکھی گئی ہیں۔ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بتایا کہ پٹرول کی سابقہ قیمت 74 روپے تھی اس میں ایک روپے 60 پیسے کمی کر دی گئی ہے اب پٹرول کی نئی قیمت 72 روپے 80 پیسے ہو گی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 20 پیسے کمی کی گئی ہے، اس طرح ڈیزل کی نئی قیمت 81 روپے 40 پیسے ہو گی۔ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوںکا اطلاق بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات 12 بجے سے ہو گا اور یہ 30 جون رات 12 بجے تک لاگو رہیں گی۔