دہشت گردی و انتہا پسندی کے خلاف جنگ جاری رہے گی،وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 24 جولائی (اے پی پی) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ دہشت گردی و انتہا پسندی کے خلاف جاری جنگ دہشت گردی کے مکمل اور جڑ سے خاتمے تک جاری رہے گی۔ پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی سیاسی جماعتوں کے مختلف ایشوز پر اختلافات کے باوجود قومی سیکیورٹی پالیسی اور امن و امان کی صورت حال پر ہم سب متحد اور ایک ہی صفحے پر موجود ہیں۔ انہوں نے لاہور دھماکے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے ایسے بزدلانہ واقعات ہماری قوم کے دہشت گردی کے خلاف عزم و حوصلے کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ہماری مسلح و بہادر افواج سمیت ہمارے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملک سے دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سیاسی جماعتوں نے بھی اس ضمن میں ہمیشہ ایک مثبت کردار ادا کیا ہے اور اسی کی وجہ سے ملک بھر میں دہشت گردی کے ان واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔