سیﺅل۔ 08 نومبر (اے پی پی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی کوریا کی پارلیمان سے خطاب کے دوران شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کو سخت الفاظ میں متنبہ کرتے ہوئِے کہا ہے کہ وہ انھیں آزمانے سے گریز کریں تو بہتر ہو گا۔مقامی ذرائع کے مطابق امریکی صدر نے اپنے خطاب میں شمالی کوریا میں زندگی کے ‘تاریک تصور’ پر بھی تنقید کی۔انھوں نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو ہتھیار آپ حاصل کر رہے ہیں وہ آپ کو محفوظ نہیں بنا رہے، وہ آپ کے ملک کو شدید خطرے میں ڈال رہے ہیں۔امریکی صدر نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان پر زور دیا کہ وہ اپنے جوہری ہتھیاروں کا پروگرام ترک کر دیں، صدر ٹرمپ نے سیﺅل کے قانون سازوں سے اپنے خطاب کا آغاز کوریا جنگ کے بعد سے اب تک جنوبی کوریا کی کامیابیوں کی تعریف سے کیا۔