جنرل قمر جاوید باجوہ کی ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل عامر حتامی سے ملاقات

جنرل قمر جاوید باجوہ کی ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل عامر حتامی سے ملاقات،دہشتگرد پاک ایران دوستی سرحد پر موجودہ صورتحال سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں،دونوں ممالک کو انہیں روکنے کی کوششیں کرنے کی ضرورت ہے،جنرل قمر جاوید باجوہ،ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کا فروغ ہماری پالیسی ہے،ایران کی خارجہ پالیسی میں پاکستان کا خصوصی مقام ہے،ایرانی وزیر دفاع

راولپنڈی۔7 نومبر(اے پی پی( بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل عامر حتامی سے اسلامک ریوولیشنری گارڈ کور ہیڈ کوارٹر تہران میں ملاقات کی، جہاں انہوں نے اپنے دورے کے دوسرے دن ان کی اعلی قیادت کے ساتھ بات چیت کی۔ منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق ایرانی وزیر دفاع نے بری فوج کے سربراہ کے دورہ ایران پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کا اعتراف کیا اور اپنے ملک کی جانب سے دفاعی تعاون میں اضافے کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کا فروغ ہماری پالیسی ہے اور ایران کی خارجہ پالیسی میں پاکستان کا خصوصی مقام ہے۔ چیف آف آرمی سٹاف نے پاک افغان سرحد پر پاکستان کی جانب سے کئے گئے خصوصی اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد پاک ایران دوستی سرحد پر موجودہ صورتحال سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں تاہم دونوں ممالک کو انہیں اس کے استعمال سے روکنے کی کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ فریقین نے اس پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف کسی تیسرے فریق کی جانب سے استعمال کرنے کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس سلسلے میں پاک ایران سرحد کے اطراف فیلڈ کمانڈرز کے درمیان ہاٹ لائن کمیونیکیشن کے قیام، ایران کی جانب سے اپنی سرحد کی طرف سے باڑ لگانے، مشترکہ سرحدی پٹرولنگ، خفیہ معلومات کا تبادلہ سمیت مزید اقدامات کرنے پر اتفاق کیا گیا۔