اسلام آباد ۔ 24 جنوری (اے پی پی) دسمبر 2017ءکے دوران ٹیکسٹائل گروپ کی ملکی برآمدات میں 10 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال میں دسمبر 2017ءکے دوران ٹیکسٹائل گروپ کی برآمدات 1.132 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں جبکہ گذشتہ مالی سال میں دسمبر 2016ءکے دوران برآمدات کا حجم 1.028 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پی بی ایس کے مطابق گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال میں دسمبر 2017ءکے دوران خام روئی کی ملکی برآمدات میں بھی 30.69 فیصد کے اضافہ سے برآمدات کا حجم 2.372 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 3.1 ملین ڈالر تک بڑھ گئیں۔ اسی طرح سوتی دھاگے کی برآمدات میں بھی 0.47 فیصد کا اضافہ ہوا اور برآمدات 107.335 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 107.841 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔ پی بی ایس کے مطابق دسمبر 2016ءکے مقابلہ میں دسمبر 2017ءکے دوران سوتی کپڑے کی برآمدات میں بھی 6.12 فیصد جبکہ سوتی دھاگے کے علاوہ دیگر دھاگے کی برآمدات میں بھی 51.28 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔