لاہور۔21جنوری(اے پی پی )ورلڈ ہاکی الیون کے مایہ ناز کھلاڑیوں، فلورس بو ولینڈر، ، کرسٹن بلنک ووڈی، کپتان ورلڈ الیون راڈرک اورمینجرروب لتھاور نے کہا ہے کہ دورہ پاکستان کے دوران کراچی اور لاہور میں پاکستانیوں کی طرف سے ملنے والے پیار اور لذیز کھانوں نے ہمارے دل جیت لئے ہیں ،پاکستان کھیلوں کے لئے محفوظ ملک ہے اور دنیا کی دیگر ٹیموں کو بھی پاکستان آنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہئے ۔ ورلڈ الیون سیریز کے کوارڈی نیٹر بدر رفاعی کے ہمراہ یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دورہ پاکستان کے دوران ہمیں بہترین سیکورٹی مہیا کی گئی اور ہمیں پاکستان آکر کھیلنے میں کوئی مسئلہ درپیش نہ ہوا بلکہ ہم پاکستانیوں کی شاندار میزبانی سے بہت متاثر ہوئے۔ہمیں یہاں آ کر اپنی ماضی کی یادیں تازہ کرنے میںمدد ملی ہے ۔ میچ کے دوران بہترین انتظامات کیئے گئے ۔انہوں نے کہاکہ ماضی کے مقابلے میں پاکستان کی ہاکی میں کافی فرق ہے ۔پاکستان کا ماضی کافی روشن تھا لیکن اب کافی تبدیلی نظر آئی ۔پاکستان ہاکی کھیلنے والا ملک ہے اور پاکستانیوں کے دل میں ابھی بھی ہاکی زندہ ہے ،فزیکل فٹنس ،تکنیک اور اچھی کوچنگ سے پاکستان ہاکی میں کافی بہتری آسکتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ورلڈ الیون کے میچز کا انعقاد پی ایچ ایف کا ایک اچھا قدم ہے ۔