معاون خصوصی برائے ریونیو وفاقی وزیر ہارون اختر خان سے جرمن سفیر مارٹن کوبلر کی ملاقات

اسلام آباد ۔ 9 فروری (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو وفاقی وزیر ہارون اختر خان نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان کاروباری شراکت داری اور تعاون کو مضبوط بنانے کیلئے جاری کوششوں کو دوگنا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وہ جمعہ کو یہاں پاکستان میں جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے آئیڈیل مارکیٹ اور بڑے مواقع کا حامل ہے، جرمنی کے سرمایہ کار کاروباری دوست پالیسیوں اور سرمایہ کار دوست ماحول سے فائدہ اٹھا کر اپنی سرمایہ کاری کا بھرپور منافع حاصل کر سکتے ہیں۔ ہارون اختر نے پاکستان میں جرمنی کی سرمایہ کاری اور کاروباری اقدامات کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ پاکستان میں امن و امان اور سلامتی کی بہتری ہوتی ہوئی صورتحال سے جرمن کمپنیاں مزید سرمایہ کاری کریں گی اور ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں گی۔