وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان اور ان کی ٹیم کے ساتھ ملاقات

اسلام آباد ۔ 13 فروری (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے آزاد کشمیر کے عوام کی سماجی و اقتصادی بہبود، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور علاقے میں سیاحت کے فروغ کیلئے وفاقی حکومت کی مسلسل معاونت کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اظہار منگل کو وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان اور ان کی ٹیم کے ساتھ ملاقات میں کیا جس میں چیف سیکرٹری آزاد کشمیر اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔ وزیراعظم آفس میں ہونے والی ملاقات میں وفاقی وزیر امور کشمیر چوہدری محمد برجیس طاہر، وفاقی وزیر قانون چوہدری محمود بشیر ورک، وزیراعظم کے سیکرٹری، وفاقی سیکرٹریز برائے خزانہ، پاور ڈویژن اور امور کشمیر اور دیگر سرکاری حکام شامل تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم کو آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں اور سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی جن کا مقصد خطے کے عوام کی سماجی و اقتصادی ترقی اور علاقے میں سیاحت کا فروغ تھا۔