ملک بھر میں آئندہ عام انتخابات کیلئے پولنگ (کل) ہو گی، 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 ووٹرز قومی اور صوبائی اسمبلیوں کیلئے نمائندوں کا انتخاب کریں گے

اسلام آباد ۔ 24 جولائی (اے پی پی) ملک بھر میں آئندہ عام انتخابات کیلئے پولنگ (کل) بدھ کو ہو گی، 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 ووٹرز آئندہ پانچ سال کیلئے قومی اسمبلی کے 270 اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کیلئے اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے، کل 3 ہزار 675 امیدوار قومی اسمبلی جبکہ 8 ہزار 895 امیدوار صوبائی اسمبلیوں کے انتخاب میں میدان میں ہیں۔ پولنگ کے روز ملک بھر میں 25 جولائی کو عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ پولنگ صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک بغیر کسی وقفہ کے جاری رہے گی۔ پولنگ سٹیشن کے اندر اور باہر پاک فوج کے دو، دو جوان تعینات ہوں گے۔ قومی اسمبلی کے 2 حلقوں میں انتخاب ملتوی کیا گیا ہے، کل 85 ہزار سے زائد پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 17 ہزار سے زائد پولنگ سٹیشن انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں، ان میں اسلام آباد اور پنجاب سے 5487، سندھ 5878، فاٹا، خیبرپختونخوا 3874 جبکہ بلوچستان میں 1768 پولنگ سٹیشن شامل ہیں۔