دبئی ۔ 5 اکتوبر (اے پی پی) آئی سی سی ٹی 10 لیگ آئندہ ماہ یو اے ای میں شروع ہوگی۔ لیگ میں آٹھ ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے قسمت آزمائی کریں گی۔ تفصیلات کے مطابق لیگ میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں کیرالہ کنگز، پنجابی لیجنڈز، مراٹھا عربینز، بنگال ٹائیگرز، دی کراچیئن، راجپوتس، نادرن وارئیرز اور پختونز شامل ہیں، ان 8 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں کیرالہ کنگز، کراچیئن، پختونز اور راجپوتس شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں پنجابی لیجنڈز، بنگال ٹائیگرز، مراٹھا عربینز اور نادرن وارئیرز شامل ہیں۔لیگ کے پہلے ایڈیشن میں 6 ٹیموں نے شرکت کی تھی جبکہ اس مرتبہ 2 نئی ٹیموں کراچیئن اور نادرن واریئرز کا اضافہ کیا گیا ہے۔ شاہد آفریدی اور وریندر سہواگ کو لیگ آئیکون مقرر کیا گیا ہے۔ کیریلا کنگز اپنے اعزاز کا دفاع کریگی۔ شاہد آفریدی، شعیب ملک، حفیظ اور کامران اکمل سمیت آٹھ پاکستانی کھلاڑی لیگ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ دنیائے کرکٹ میں پہلی ٹی 10 کرکٹ لیگ کے دوسرے ایڈیشن کی تیاریاں متحدہ عرب امارات کی سلطنت دبئی اور شارجہ میں عروج پر ہیں۔