اسلام آباد ۔ 30 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ تعلیم و ہنر کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پاکستان کا مستقبل ہمارے نوجوانوں کو ہنر فراہم کرکے انہیں باعزت روزگار مہیا کرنے میں ہے ۔ انہوں نے یہ بات منگل کو نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن میں منعقد ہونے والی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ترقی یافتہ ممالک کے کامیاب ماڈلز کی طرز پر ایسے نظام متعارف کرائیں گے جس سے نہ صرف تعلیم بلکہ ہنر کے معیار اور فراہمی میں نمایاں بہتری لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم بہت جلد پانچ سکولوں میں ووکیشنل تعلیم کو روایتی تعلیم کا حصہ بنائیں گے تاکہ ایسے بچے جو تعلیم جاری نہیں رکھ سکتے ان کو ووکیشنل تربیت کی طرف راغب کیا جا سکے۔ اس سلسلے میں ایسے فنون کی نشاندہی کی جائے گی جس کو سکول لیول پر متعارف کروایا جاسکے۔ انہوں نے پاکستانی نوجوانوں کو بیرون ملک ملازمت حاصل کرنے کیلئے عالمی معیار کے ہنر کی فراہمی پر زور دیا ۔ انہوں نے نیوٹیک کو ہدایت کی کہ ملک کے ٹی ویٹ سیکٹر بابت اپ ٹوڈیٹ ڈیٹا تیار کیا جائے۔