قومی اسمبلی کے پہلے 100 دن، 5 اجلاس، اہم قومی امور پر 10 قراردادوں کی منظوری

اسلام آباد ۔ 7 دسمبر (اے پی پی) قومی پارلیمانی تاریخ کی 15 ویں قومی اسمبلی کے پہلے 100 دنوں میں اب تک 5 اجلاس منعقد ہو چکے ہیں جن میں اہم قومی امور پر 10 قراردادوں کی منظوری سمیت فنانس بل 2018ءمیں ترمیم کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق 25 جولائی کے عام انتخابات کے بعد وجود میں آنے والی 15 ویں قومی اسمبلی کے اب تک 5 اجلاس منعقد ہو چکے ہیں جن میں دو اجلاس اپوزیشن کی ریکوزیشن پر منعقد ہوئے۔ موجودہ قومی اسمبلی میں حکومت کی طرف سے قومی معیشت کو درپیش مشکلات کے ازالہ کیلئے فنانس بل 2018ءمیں ترمیم کی گئی جس میں پی ایس ڈی پی میں کمی سمیت ریونیو کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے ٹیکسوں کی شرح میں ردوبدل کی گئی۔ اس کے علاوہ حکومت کی طرف سے تمباکو نوشی کے امتناع کا بل 2018ءپیش کیا گیا۔