وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل ووڈا اور چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین کی ملاقات

اسلام آباد ۔ 7 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل ووڈا اور چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین کے ہمراہ جمعہ کو یہاں وزیراعظم آفس میں ملاقات کی اور انہیں ملک میں پانی کی صورتحال اور وزارت آبی وسائل اور واپڈا کی جانب سے ملک میں پانی کی کمی کو دور کرنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ بڑے آبی ذخائر اور پانی سے متعلقہ منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔ وزیراعظم نے وزارت آبی وسائل اور واپڈا کی طرف سے ملک میں پانی کے بحران کے مسئلہ کے حل کیلئے کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آبی ذخائر کی تعمیر اور پاکستان میں تمام فریقین کی مدد سے پانی کے انتظام کو بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبی ذخائر کی تعمیر قومی مشن ہے تاہم پوری قوم کو آگے آنا چاہئے اور اس مشن فعال کردار ادا کرنا چاہئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور بیرون ملک تارکین وطن دیامر بھاشا اور مہمند ڈیموں کیلئے جوش و خروش سے عطیات دے رہے ہیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ان منصوبوں سے نہ صرف ملک میں پانی کا ذخیرہ بڑھانے میں مدد ملے گی بلکہ اس سے پن بجلی کی پیداوار ہو گی جس سے اقتصادی اور سماجی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔