وزیراعظم عمران خان کا بلوچستان کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے طالب علموں سے وزیراعظم آفس میں خطاب

اسلام آباد ۔ 7 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو مدینہ کی ریاست کے اصولوں کو اپنانا ہوگا‘ خواتین کو وراثت میں حصہ دلانے کے لئے قانون لا رہے ہیں‘ اللہ کی وحدانیت پر یقین رکھنے والا کسی کے آگے نہیں جھکتا‘ ہم نے دنیا کے آگے ہاتھ پھیلا کر اپنی قومی غیرت ختم کردی ہے‘ ہم اب کبھی کسی کی جنگ نہیں لڑیں گے‘ کسی کے آگے نہیں جھکیں گے‘ یہ قوم عظیم قوم بنے گی‘ بلوچستان میں صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر بلوچستان کی ترقی کے لئے کردار ادا کریں گے‘ پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کے لئے کوشش کریں گے‘ ساحلی علاقوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سمندر سے پانی فراہم کریں گے‘ سی پیک ہمارے لئے ایک نادر موقع ہے اور ہماری خوش قسمتی ہے کہ پاکستان ون روڈ ون بیلٹ کا حصہ ہے‘ عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی موجودہ حکومت پر اعتماد ہے‘ حکومت کی پالیسیوں کی بنیاد متوسط طبقہ ہے‘ خوف کسی بھی کام کی تکمیل میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔