وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی کی وزیر مملکت حماد اظہر کے ہمراہ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ

اسلام آباد ۔ 6 دسمبر (اے پی پی) وفاقی کابینہ نے تجاوزات کے خلاف مہم کے دوران غریب عوام اور چھوٹے کاروباری افراد کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ کی سربراہی میں اس مقصد کے لئے کمیٹی تشکیل دیدی، غربت کے خاتمے کے نیشنل پاورٹی گریجوایشن پروگرام کے لئے 18 ارب روپے مختص کرنے جبکہ گلگت بلتستان کے معاملے پر متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ مزید مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جمعرات کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی اور وزیر مملکت برائے ریونیو ڈویژن حماد اظہر نے اجلاس کے فیصلوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر افتخار درانی نے کہا کہ آج کابینہ کا 15 واں اجلاس ہوا، وزیراعظم نے اجلاس کو بتایا کہ امریکہ نے ہمارے دیرینہ موقف کو تسلیم کیا ہے کہ افغانستان کے مسئلہ کا حل جنگ نہیں جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اقتصادی ٹیم کو مبارکباد پیش کی جس نے مشکل صورتحال میں معیشت کی بہتری کے لئے اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف مہم کا بھی کابینہ نے جائزہ لیا، اس حوالے سے یہ بات واضح رہے کہ ہم مدینہ کی طرز کی گورننس کے ماڈل کو اپنا رہے ہیں جو رحم، احساس اور انصاف کے بنیادی نکات پر مبنی ہے۔