وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کاآکسفورڈ یونیورسٹی میں لیکچر

لندن ۔ 7 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت کرپشن اور منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے ۔وہ آکسفورڈ یونیورسٹی میں اہم قومی ،علاقائی اور بین الاقوامی امور پر لیکچر دے رہے تھے ۔ لیکچرکا انعقاد آکسفورڈ ساﺅتھ ایشیاءاور آکسفورڈ پاکستان سوسائٹی کے اشتراک سے کیا گیا تھا ۔ یونیورسٹی کے مختلف شعبوں میں زیر تعلیم طلباءو طالبات اس نشست میں شریک تھے ۔ انہوں نے کہاکہ میرے اس دورہ آکسفورڈ یونیورسٹی کا مقصد وزیراعظم عمران خان کے یوتھ کی ترقی کے ویژن کے مطابق طلباءکیمونٹی اور تعلیمی اداروں کے ساتھ روابط کو مزید موثر بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان دنیا کی ٹاپ یونیورسٹی کے طلباءکو پیشکش کررہی ہے کہ وہ پاکستان کے تعلیمی اداروں میں انٹرشپ کریں ۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے گذشتہ سات دہائیوں میں پاکستان کے اہم قومی، علاقائی امور اور سماجی، اقتصادی و سیاسی اقدار کا بھی جائزہ لیا ۔انہوں نے کہا کہ علاقائی تنازعات کے اثرات پاکستان کی معیشت اور سماجی طرز زندگی پر مرتب ہوئے، اس کے باوجود پاکستان نے غیرمعمولی مزاحمت کرتے ہوئے اپنا وجود برقرار رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت ملکی معیشت کی بحالی کے لئے خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے، پاکستان کو اپنے تجارتی خسارے پر قابو پانا ہوگا، اس مقصد کے حصول کے لئے ملک میں خصوصی اقتصادی زون تشکیل دے کر حکومت صنعتی ترقی کے لئے کام کررہی ہے۔