پاکستان اے ٹیم نے انگلینڈ لائنز کو فیصلہ کن ون ڈے میچ میں 7وکٹوں سے ہرا دیا

دبئی۔ 5 دسمبر (اے پی پی) پاکستان اے ٹیم نے انگلینڈ لائنز کو آخری اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 3-2 سے جیت لی، پاکستانی اے ٹیم نے 170 رنز کا ہدف 40ویں اوور میں محض 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، اسراراللہ 57 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے لیکن محمد سعد ڈٹے رہے، انہوں نے 67 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، زوہیب خان نے عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 27 رنز کے عوض 4 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں حصہ ڈالا، جوئے کلارک کی ففٹی رائیگاں گئی۔ بدھ کو دبئی میں کھیلے گئے آخری اور فیصلہ کن ایک روزہ میچ میں انگلینڈ لائنز کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 45.1 اوورز میں 169 رنز پر ڈھیر ہو گئی، کپتان جوئے کلارک 60 رنز بنا کر نمایاں رہے، اولی پوپ 46، اوورٹن 33 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، زوہیب خان نے 4، راحت علی نے 2، وقاص مقصود، محمد عرفان اور اسراراللہ نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں پاکستانی اے ٹیم نے مطلوبہ ہدف 39.5 اوورز میں 3 وکٹوں پر پورا کیا۔