اسلام آباد ۔ 10 جنوری (اے پی پی) معروف چینی اخبار نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبوں سے پاکستان میں 12 لاکھ سے زائد افراد کو روزگار فراہم ہو گا جبکہ حال ہی میں چینی سرمایہ کاری میں اضافہ سے پاکستان میں روزگار کے مواقع میں مزید اضافہ ہو گا۔ جمعرات کو ”گلوبل ٹائمز“ کی رپورٹ کے مطابق اگر پاکستان کی حکومت نے مینوفیکچررز کیلئے کاروباری ماحول کی ساز گاری کیلئے اس طرح کی کوششیں جاری رکھیں تو پاکستان میں بالواسطہ طور پر 12 لاکھ سے زائد افراد کو روزگار ملے گا۔ رپورٹ کے مطابق سی پیک نے ثابت کر دیا ہے کہ حال ہی میں چینی سرمایہ کاری میں اضافہ سے پاکستان میں لوگوں کو روزگار کے زیادہ مواقع ملے ہیں۔ اخبار نے تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب جبکہ سی پیک کے پہلے مرحلہ میں انفراسٹرکچر منصوبوں پر توجہ مرکوز ہے تو دوسرے مرحلے میں اقتصادی استحکام اور خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے زریعے روزگار کے مواقع پر توجہ دینا چاہئے۔ سی پیک کو اب لوگوں کو روزگار دینے پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ سی پیک فریم ورک کے تحت ٹرانسپورٹیشن انفراسٹرکچر کی تعمیر سے مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع ملے ہیں جو کی غربت کے خاتمے کی کوششوں میں اہم پیشرفت ہے تاہم انفراسٹرکچر کام سے لوگوں کو محدود مدت کیلئے روزگار مل جاتا ہے جبکہ 20کروڑ کی آبادی پر مشتمل ملک پاکستان کو طویل المدتی روزگار کے مواقع کی ضرورت ہے۔ اخبار کا کہنا ہے کہ پاکستانی مینوفیکچرنگ سیکٹر اور ان کی صنعت کاری کو فروغ دینے کیلئے سی پیک کے خصوصی اقتصادی زونز پر کام شروع کرنے کی ضرورت ہے جس سے پاکستانی عوام روزگار کے طویل المدتی مواقع میسر آئیں گے۔