مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد کی پاکستان فرنیچرکونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق کی قیادت میں کونسل کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد ۔ 11 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل وصنعتی پیداوار عبدالرزاق داﺅد نے کہاہے کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ( ٹی ڈی اے پی) خلیجی ریاستوں بالخصوص سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، اورمسقط میں پاکستانی فرنیچر کی برآمدات کو فروغ دینے کیلئے ان ممالک میں پاکستانی فرنیچر کی نمائشوں کے انعقاد میں پاکستان فرنیچر کونسل کو معاونت وسہولیات فراہم کریگی ۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو یہاں پاکستان فرنیچرکونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق کی قیادت میں کونسل کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہاکہ حکومت مقامی فرینچر کے ڈیزائن، معیار اورفنشنگ میں بہتری کیلئے معاونت اورسہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیگی۔اس کے ساتھ ساتھ اس شعبے کے کاریگروں کو جدید سائنسی خطوط اوربین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت کی فراہمی میں بھی پاکستان فرنیچرکونسل کے ساتھ مکمل تعاون کو یقینی بنایا جائیگا۔ انہوں نے فرنیچر تیارکرنے والے تمام اداروں کاڈیٹا اوران اداروں کی تجاویز وآراءکو اکھٹا کرنے کی ہدایت کی تاکہ ان تجاویز کو قومی اقتصادی پالیسیوں میں شامل کیا جاسکے۔انہوں نے پاکستانی فرنیچر کے معیاراورفنشنگ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق لانے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت پر بھی زوردیا اورکہاکہ فرنیچر کی صنعت کی بڑھوتری اور پھیلاﺅ میں بہت گنجائش موجود ہے اورہم پاکستان کے مقامی فرنیچرکو بین الاقوامی مارکیٹ میں برآمد کرسکتے ہیں۔وزیراعظم کے مشیر نے کہاکہ گزشتہ ماہ لاہور میں تین روزہ میگا انٹرئیرپاکستان نمائش کے انعقاد سے وہ بہت متاثر ہوئے ہیں ، اس نمائش میں پاکستان کے اعلیٰ معیار کے حامل فرنیچر کو پیش کیا گیا۔ انہوں نے فرنیچر کونسل کی قیادت سے کہاکہ وہ پاکستانی فرنیچر کی برآمدات اورمعیارکی بہتری کیلئے تجاویز کوجلدازجلد حتمی شکل دے تاکہ اسے وزیراعظم عمران خان کومنظوری کیلئے پیش کیا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے مختلف صنعتوں کیلئے جلد ترغیبات اورمراعات کا اعلان ہوگا اور ان کی خواہش ہے کہ پوری فرنیچر انڈسٹری اس سے استفادہ کرسکے۔ پاکستان فرنیچرکونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے فرنیچر کی صنعت کی ترقی اورملک میں بیمارصنعتوں کی بحالی کیلئے مالی اورتیکنکی معاونت کی فراہمی پر وزیراعظم کے مشیرکاشکریہ اداکیا۔انہوں نے کہاکہ بزنس کمیونٹی موجودہ اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے اور حکومت کے اصلاحات کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں بھرپورتعاون فراہم کریگی ۔