گوادر میں نئے ایئرپورٹ، فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے مرکز اور ہسپتال کی تعمیر کا کام رواںسال کے آغاز میں شروع کر دیا جائے گا، سی پیک سیکریٹریٹ

اسلام آباد ۔ 10 جنوری (اے پی پی) گوادر میں نئے ایئرپورٹ، فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے مرکز اور ہسپتال کی تعمیر کا کام رواںسال کے آغاز میں شروع کر دیا جائے گا۔ سی پیک سیکریٹریٹ کے حکام نے اے پی پی کو بتایا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کے تحت گوادر میں نئے بین الاقوامی ایئرپورٹ، فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے ادارے اور پاک چین دوستی ہسپتال کی تعمیر کا کام سال 2019ءکی پہلی سہ ماہی میں شروع کر دیا جائے گا۔ بین الاقوامی ایئرپورٹ کی تعمیر کے حوالے سے منصوبہ کے ڈیزائن اور فزیبلٹی کا بنیادی کام پہلے ہی مکمل کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے بین الاقوامی ایئرپورٹ کی تعمیر سے سی پیک کے فریم ورک میں ایک اہم مقام حاصل ہو جائے گا جبکہ اس سے گوادر عالمی سطح پر ایوی ایشن کی صنعت کا ایک اہم مرکز بھی بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس ایئرپورٹ پر A-380 بوئنگ سمیت دنیا کے دیگر بڑے سے بڑے جہازوں کی ہینڈلنگ کی سہولیات دستیاب ہوں گی جس کا مقصد بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور سیاحوں کی آمد و رفت میں سہولیات فراہم کرنا ہے۔ اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے موجودہ ایئرپورٹ کے شمال مشرق میں 26 کلومیٹر دوری پر تین ہزار ایکڑ زمین کی نشاندہی کی ہے۔ نئے ایئرپورٹ کو بین الاقوامی سٹیٹس حاصل ہوگا جو اوپن سکائی پالیسی کے تحت چلایا جائے گا۔