اسلام آباد ۔ 12 فروری (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے سابق آرمی چیف واسلامی فوجی اتحاد کے کمانڈر ان چیف جنرل (ر) راحیل شریف نے منگل کو یہاں وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ بات چیت کے دوران علاقائی امن واستحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جنرل (ر) راحیل شریف نے وزیر خارجہ کو دہشت گردی کے خلاف اسلامی فوجی اتحاد کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے علاقائی امن و سلامتی کیلئے اسلامی فوجی اتحاد کی کوششوں کو سراہا۔ واضح رہے کہ یہ اسلامی فوجی اتحاد 15 دسمبر 2015ءکو تشکیل پایا جس میں ابتدائی طور پر 34 ممالک شامل تھے، بعدازاں ان کی تعداد 41 تک پہنچ گئی۔ اسلامی فوجی اتحاد کے پہلے کمانڈر پاکستانی فوج کے سابق سربراہ ریٹائرڈ جنرل (ر) راحیل شریف کو بنایاگیا اور اب بھی وہ اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کی قیادت کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اسلامی فوجی اتحاد کے قیام کا مقصد اسلامی ممالک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوششیں کرنا ہے۔