APP36-11 DUBAI: February 11 - Federal Minister for Information and Broadcasting, Chaudhry Fawad Hussain in a meeting with Senior Vice President PEPSICO, Kirsta Pilot on the sideline of high level Ministerial Meeting on Artificial Intelligence on the 2nd day of the world Government Summit. APP

دبئی ۔ 11 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن، پالیسیوں اور اصلاحات کے ایجنڈے کے مزید ثمرات آنے والے دنوں میں ظاہر ہوں گے، غیر ملکی سرمایہ کاری سے پاکستان میں روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے یہ بات پیپسی کوکی سینئرنائب صدر کرسٹا پائلٹ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات کے دوران وزیر اطلاعات نے پیپسی کو کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ۔ اس موقع پر کرسٹا پائلٹ نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں، فوڈ (سنیکس) کے شعبے میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتے ہیں، سرمایہ کاری کے تحت ملتان میں پوٹیٹو یونٹ قائم کریں گے،خواہش ہے کہ وزیراعظم عمران خان یونٹ کا افتتاح کریں۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے پیپسی کو کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کر تے ہوئے کہا کہ ملتان میں پوٹیٹو یونٹ کے قیام سے آلو کی کاشت کرنے والے کسان مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ برٹش ائیرویز، پیپسی کو اور دیگر عالمی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری دنیا کے پاکستان پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن، پالیسیوں اور اصلاحات کے ایجنڈے کے مزید ثمرات آنے والے دنوں میں ظاہر ہوں گے۔ وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان کی متنوع ثقافت، موسیقی اور سیاحت کے فروغ میں پیپسی کو کی شراکت داری چاہتے ہیں، پاکستان خوبصورت وادیوں اور رنگارنگ ثقافتوں کی حسین منزل ہے، پوری دنیا کو پاکستان کا حقیقی چہرہ دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری سے پاکستان میں روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔