اسلام آباد ۔ 11 فروری (اے پی پی)وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل غلام سرور خان نے کہا ہے کہ شفاف احتسابی عمل مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے، قومی خزانہ لوٹنے والوں نے قوم کو پسماندگی اور محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا، حکومت عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے میں سنجیدہ ہے، عوام بہت جلد ملک بھر میں ترقی اور خوشحالی کا نیا دور دیکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ سندھ کے دوران آزاد رکن قومی اسمبلی سیّد علی نواز شاہ کی طرف سے میرپورخاص میں منعقدہ ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو تباہ حالی سے بچانے کےلئے کرپٹ عناصر کے خلاف کڑا احتسابی عمل ناگزیر تھا، اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ کوئی کرپٹ شخص جیل سے باہر نہ رہے۔ غلام سرور خان نے کہا کہ صوبہ سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت میں زرداری لیگ نے سندھ کے وسائل کی لوٹ مار کرتے ہوئے صوبے کے عوام کو پسماندگی سے دوچار کر دیا ہے، وزیراعظم عمران خان کی زیر قیادت وفاقی حکومت صوبہ سندھ کے عوام کو پسماندگی سے نکالنے اور ان کا معیار زندگی بلند کرنے کےلئے صوبہ بھر میں ترجیحی بنیادوں پر بلاامتیاز ترقیاتی منصوبوں کا اجراءکر رہی ہے تاکہ سندھی بھائیوں کی محرومیوں کو دور کیا جا سکے۔ غلام سرور خان نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کے برعکس پاکستان تحریک انصاف سندھ کی ترقی کےلئے بہت جلدایک بڑے ”اپ لفٹ پیکیج“ کا اعلان کرے گی اور سندھی عوام کے سلب شدہ حقوق ان کی دہلیز تک پہنچائے جائیں گے اور بلاامتیاز ترقیاتی منصوبوں کے اجراءسے عوامی محرومیوں کو دور کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ سندھ کے نوجوانوں کو قابلیت کی بنیاد پر نوکریاں فراہم کی جائیں گی اور کسی سے امتیازی سلوک روا نہیں رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پی ایم ایل این نے ملکی خزانہ لوٹ کر ناقابل تلافی نقصان پہنچایا لیکن عوام سے کئے گئے وعدے کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت ان دونوں پارٹیوں سے لوٹا ہوا مال برآمد کرکے عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنے کا تہیہ کئے ہوئے ہے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی لوٹ مار کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، یہی وجہ ہے کہ عوام نے حالیہ انتخابات میں ان دونوں جماعتوں کو مسترد کرکے صوبوں تک محدود کر دیا اور اب ملکی سیاست میں ان کا کوئی حصہ نہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف ایک ملک گیر جماعت کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے جس کی نمائندگی تمام صوبوں میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں سیاسی جماعتوں نے قوم کو لسانی بنیادوں پر تقسیم کر دیا لیکن اب لسانی تقسیم ختم کرکے سب کو ملکی ترقی کیلئے قومی دھارے میں شامل کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے میرپورخاص میں ایک یونیورسٹی اور متعدد کالجوں کے قیام کا اعلان بھی کیا۔