اسلام آباد ۔ 11 فروری (اے پی پی)وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب دوستی کے لازوال رشتہ میں جڑے ہوئے ہیں، کشمیر، مشرق وسطیٰ اور فلسطین کی صورتحال پر پاکستان اور سعودی عرب ایک پیج پر ہیں، پاکستان کے عوام سعودی ولی عہد کا تاریخی استقبال کریں گے۔ پیر کو یہاں مقامی ہوٹل میں پاک۔سعودی عرب فرینڈ شپ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد ایک طویل عرصہ بعد پاکستان کے دورہ پر آ رہے ہیں جس سے خطہ پر مثبت اثرات رونما ہوں گے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوستی کا لازوال رشتہ ہے، سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کے حوالہ سے ملک میں کسی بھی سیاسی جماعت یا طبقہ ہائے فکر کی آراءیکساں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر، مشرق وسطیٰ اور فلسطین کی صورتحال پر پاکستان اور سعودی عرب ایک پیج پر ہیں، مسلم دنیا میں پاکستان کی نظر سب سے پہلے سعودی عرب کی طرف جاتی ہے، سعودی عرب کے ساتھ اقتصادی تعلق کی بھی ایک تاریخ ہے، سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی اقتصادی ترقی میں پاکستانی محنت کشوں کا بھی بڑا کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے بیمار والد مدینہ جانے کا سن کر صحت یاب ہو جایا کرتے تھے، حکومت پاکستان سعودی ولی عہد کا تاریخی استقبال کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بزرگوں کی جانب سے سعودی عرب کیلئے محبت پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یمن، افغانستان، کشمیر اور فلسطین کے مسائل کا حل پاکستان اور سعودی عرب مل کر نکالیں گے۔