ڈربن ۔ 13 فروری (اے پی پی) فرننڈو اور راجیتھا کی عمدہ باﺅلنگ کی بدولت جنوبی افریقن ٹیم سری لنکا کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 235 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، 17 کے سکور پر ابتدائی 3 وکٹیں گرنے کے بعد ڈی کوک نے ڈٹ کر حریف باﺅلرز کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے مشکل وقت میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 80 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا، 5 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے، فرننڈو نے 4 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا، جواب میں سری لنکن ٹیم نے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک پہلی اننگز میں ایک وکٹ پر 49 رنز بنا لئے تھے اور اسے پروٹیز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 186 رنز درکار ہیں، دیمتھ کرونارتنے 28 اور اوشادا فرننڈو 17 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ بدھ کو ڈربن میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں قائم مقام سری لنکن قائد دیمتھ کرونارتنے نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تو جنوبی افریقن ٹیم 235 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، میزبان ٹیم کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور 17 کے سکور پر اس کے 3 مستند کھلاڑی آﺅٹ ہو گئے، ڈین ایلگر صفر، ہاشم آملہ 3 اور ایڈن مرکرام 11 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، اس موقع پر ٹیمبا باووما اور کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم 89 کے سکور پر راجیتھا نے ڈوپلیسی کو آﺅٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، انہوں نے 35 رنز بنائے، باووما 47 رنز بنانے کے بعد رن آﺅٹ ہو گئے، ورنن فلینڈر 4 رنز بنا کر چلتے بنے، کیشو مہاراج 29 رنز بنانے کے بعد فرننڈو کا نشانہ بنے، ربادا 3 ڈیل سٹین 15 رنز بنا سکے، ڈی کوک جنوبی افریقہ کے آخری آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جنہوں نے مشکل وقت میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 80 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا، وشوا فرننڈو نے 4، راجیتھا نے 3 سرنگا لکمل اور ایمبل ڈینیا نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں سری لنکن ٹیم نے پہلے روز کھیل کے اختتام تک پہلی اننگز میں 1 وکٹ پر 49 رنز بنا لئے تھے اور اسے جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 186 رنز درکار ہیں، لاہیرو تھریمانے بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہوئے، کرونارتنے 28 اور فرننڈو 17 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ سٹین نے ایک وکٹ لی۔