کیپ ٹاون ۔ 15 مارچ (اے پی پی) جنوبی افریقہ اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پانچواں اور آخری میچ (کل) ہفتہ کو کیپ ٹاﺅن کے مقام پر کھیلا جائے گا۔ میزبان پروٹیز کو آئی لینڈرز کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں 4-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو پہلے ایک روزہ میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دی، دوسرے میچ میں 113 رنز اور تیسرے میچ میں 71 رنز سے جبکہ چوتھے میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 4-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر رکھی ہے۔ ابتدائی چار میچز میں کامیابی کے بعد جنوبی افریقن ٹیم آئندہ آخری میچ بھی جیت کر سیریز کلین سویپ کرنے کیلئے پر عزم دکھائی دے رہی ہے جبکہ دوسری جانب سری لنکن ٹیم پانچواں میچ جیتنے کیلئے پر جوش ہے اور اس کی کوشش ہے کہ پروٹیز سیریز کلین سویپ نہ کرسکیں اس لئے سخت مقابلے کی توقع ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچواں اور آخری ون ڈے 16 مارچ کو کھیلا جائے گا۔