APP57-14 ISLAMABAD: March 14 - President Dr. Arif Alvi talking to Secretary General, Economic Cooperation Organization Dr. Hadi Soleimanpour, who called on him. APP

اسلام آباد ۔ 14 مارچ (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) خطہ شمال اور جنوب، یورپ اور ایشیا کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے جبکہ خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ای سی او کی اہم شعبہ جاتی ترجیحات کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ مواصلاتی ڈھانچے کے استحکام، تجارت اور سرمایہ کاری میں سہولت پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات ای سی او کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر ہادی سلمان پور سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ صدر نے اس بات پر زور دیا کہ ای سی او وژن 2025ءتنظیم کے لئے روڈ میپ کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وژن 2025ءکے عملدرآمدی ڈھانچے میں متعین کردہ نظام الاوقات پورا کرنے کے لئے ضروری اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس امر پر یقین رکھتا ہے کہ ای سی او تجارتی معاہدوں پر موثر عملدرآمد تجارتی رکاوٹوں کو کم کرنے اور بالآخر ای سی او وژن 2025ءکے مطابق آزادانہ تجارتی علاقے کے قیام کی جانب اہم قدم ثابت ہوگا۔ صدر نے کہا کہ پاکستان اپنے ہمسایوں کو مصنوعات کی نقل و حمل میں سہولت دینے اور ای سی او خطے کے اندر تجارتی مواقع کو فروغ دینے کے لئے ریل اور شاہراتی انفراسٹرکچر کو بہتر بنا رہا ہے۔ انہوں نے اس امر کو اجاگر کیا کہ پاکستان افغانستان کو معاونت فراہم کرنے کے لئے ای سی او کی کاوشوں میں معاون رہے گا اور اس وقت وہ افغانستان کی تعمیر نو کے لئے ای سی او کے اقدام کے حوالے سے سب سے بڑا حصہ دار ہے۔ سیکریٹری جنرل ای سی او ڈاکٹر ہادی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ ای سی او کا فعال رکن رہا ہے اور خطے میں امن و تعاون کے لئے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایکو ٹورازم کی بہت زیادہ صلاحیت پائی جاتی ہے جو بین الاقوامی سیاحوں کے لئے بہت زیادہ پرکشش ہے۔