APP72-15 MOHMAND: March 15 - Prime Minister Imran Khan receives briefing on former FATA in Ghallani. APP

غلنئی۔ 15 مارچ (اے پی پی)وزیرِ اعظم عمران خان کو قبائلی علاقہ جات (سابقہ فاٹا) کے صوبہ خیبر پختونخوا میں انضمام کے حوالے سے انتظامی اصلاحات اور سیکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ اس سلسلے میں وزیراعظم کی زیر صدارت جمعہ کو مہمند کے ہیڈ کوارٹر غلنئی میں اجلاس منعقد ہوا۔ گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان، وزیرِ اعلیٰ محمود خان، وزیر مواصلات مراد سعید، وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈا پور، وزیرِ مذہبی امور پیر نورالحق قادری، وزیرِ اعظم کے مشیر محمد شہزاد ارباب، وزیرِ مملکت شہریار خان آفریدی ، کور کمانڈر پشاور، ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ اور آئی جی ایف سی بریفنگ میں موجود تھے۔ اجلاس میں سابقہ قبائلی علاقہ جات میں انتظامی اصلاحات، عوامی نمائندگی و مقامی حکومتوں کے نظام، عوامی فلا ح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ اور اس حوالے سے وفاقی حکومت کے روڈ میپ کی تکمیل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ انضمام شدہ علاقوں میں عدالتی نظام کلیدی اہمیت کا حامل ہے، اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ انضمام شدہ علاقوں کے ترقیاتی منصوبوں کو کرپشن سے پاک رکھا جائے اور فنڈز کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔