اسلام آباد ۔ 15 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کے شہرکرائسٹ چرچ میں مساجد پر دہشت گرد حملے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ نہایت تکلیف دہ ہے، یہ ہمارے اس موقف کی تصدیق کرتا ہے جسے ہم مسلسل دہراتے آئے ہیں کہ دہشت گردی کاکوئی مذہب نہیں۔ جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ ہماری ہمدردیاں اور دعائیں متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ ان بڑھتے ہوئے حملوں کے پیچھے نائن الیون کے بعد تیزی سے پھیلنے والا ”اسلامو فوبیا“ کارفرما ہے جس کے تحت دہشت گردی کی ہر کارروائی کی ذمہ داری مجموعی طور پر اسلام اور سوا ارب مسلمانوں کے سر تھوپنے کا سلسلہ جاری رہا۔ انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کی جائز سیاسی جدوجہد کو نقصان پہنچانے کے لئے بھی یہ حربہ آزمایا گیا۔