واشنگٹن ۔ 15 مارچ (اے پی پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ تجارتی تنازعے کے خاتمے کے لیے ایک مناسب سمجھوتا طے پانے کے قوی امکانات ہیں کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکراتی سلسلہ بہتر انداز میں جاری ہے۔ جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی صدر نے کہا ہے کہ ان مذاکرات میں امریکا جو چاہتا ہے، وہ حاصل کر لیا جائے گا۔ ادھر امریکی وزیر خزانہ سٹیون منوچن نے کانگریس کی کمیٹی کے سامنے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ تجارتی معاہدہ جلد طے کر لیا جائے گا۔ صدر ٹرمپ کے تازہ بیان کے باوجود امریکی و چینی مندوبین مذاکرات میں کئی متنازعہ معاملات کا مناسب حل تلاش کرنے میں بظاہر ناکام دکھائی دیتے ہیں اور اس باعث کسی سمجھوتے کے حصول میں تاخیر ہو رہی ہے۔