کرائسٹ چرچ ۔ 15 مارچ (اے پی پی) نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مسجد میں فائرنگ کے واقعے کے بعد نیوزی لینڈ اور بنگلادیش کی ٹیموں کے درمیان (کل) ہفتہ کو کھیلا جانے والا تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ منسوخ کردیا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کے علاقے ڈینز ایونیو کی مسجد میں حملہ آور نے اس وقت فائرنگ کی جب نماز جمعہ کی ادائیگی کےلئے لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی جن میں بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی شامل تھے۔ فائرنگ کے واقعے میں تمام بنگلادیشی کرکٹرز محفوظ رہے جس کی تصدیق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی کی ہے۔ کیویز بورڈ نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز نے باہمی رضا مندی سے (کل) ہفتہ کو کھیلا جانے والا ہیگلے اوول ٹیسٹ منسوخ کر نے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ کیویز بورڈ نے تصدیق کی کہ دونوں ٹیمیں اور سٹاف محفوظ ہے۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری میچ (آج) ہفتہ سے کرائسٹ چرچ میں شروع ہونا تھا جو ناشگوار واقعے کے بعد منسوخ کر دیا گیا ہے۔ میزبان ٹیم کو تین میچوں کی سیریز میں بنگلہ دیشی ٹیم کے خلاف 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ نیوزی لینڈ نے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو اننگز اور 52 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں کیویز ٹیم نے مہمان ٹیم کو اننگز اور 12 رنز سے شکست دیکر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر رکھی ہے۔ اس سے قبل میزبان ٹیم نے تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں بھی 3-0 سے وائٹ واش کیا تھا۔