اسلام آباد ۔ 17 اپریل (اے پی پی) انٹر سٹی فٹ بال ٹورنامنٹ اسلام آباد سینٹر میں اسلام آباد گرین نے اسلام آباد ریڈ کو دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کے مہمانان خصوصی پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر انجنیئر سید اشفاق حسین شاہ اور رکن قومی اسمبلی و پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے نائب صدر ملک محمد عامر ڈوگر تھے۔ اس موقع پر اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری محمد سلیم، سیکرٹری سید شرافت حسین بخاری، اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے سابق جنرل سیکرٹری رانا محمد اشرف خان کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ وقفے تک اسلام آباد گرین نے اسلام آباد ریڈ 2-1 گول سے برتری حاصل تھی، دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے مزید ایک ایک گول کیا، فاتح ٹیم کی جانب سے اشفاق نے دو اور سہیل نے ایک گول کیا جبکہ اسلام آباد ریڈ کی جانب سے دنیال اور شعیب خان نے ایک ایک گول کیا۔ جمعرات کو تین میچز کھیلے جائیں گے۔فیصل آباد کا مقابلہ راولپنڈی سے، سرگودھا کا مقابلہ لاہور گرین سے اور اسلام آباد گرین کا مقابلہ اسلام آباد بلیو سے ہوگا۔