رائل لندن ون ڈے کرکٹ کپ (کل) لندن میں شروع ہوگا، انتظامات مکمل

لندن ۔ 16 اپریل (اے پی پی) انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام رائل لندن ون ڈے کرکٹ کپ (کل) بدھ سے لندن میں شروع ہوگا۔ ایونٹ انتظامیہ کے مطابق ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں 18 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کرینگی۔ ٹورنامنٹ میں گروپ میچز کھیلے جائینگے جس میں نارتھ گروپ میں نو ٹیمیں ہونگی اور دوسرا گروپ ساﺅتھ ہوگا اس میں بھی نو ٹیمیں ہونگی۔ ایونٹ ناک آﺅٹ سسٹم کی بنیاد پر کھیلا جائےگا۔ ٹورنامنٹ کے ابتدائی روز چھ میچ کھیلے جائینگے۔ پہلا میچ گلامورگن اور ایسکس کے درمیان کھیلا جائےگا، دوسرے میچ میں گلوسٹرشائر اور سرے کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی جبکہ تیسرا میچ کینٹ اور ہمپشائر کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائےگا۔ چوتھے میچ میں یارکشائر اور لیسسٹرشائر کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی، پانچویں میچ میں لنکا شائر اور ورسسٹر شائر کی ٹیمیں پنجہ آزمائی کرینگی جبکہ چھٹا میچ ڈرھم اور نارتھمپٹن شائر کے درمیان کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ دو فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 25 مئی کو لارڈز، لندن میں کھیلا جائے گا۔