ویلنگٹن ۔ 16 اپریل (اے پی پی) نیوزی لینڈ فٹ بال باڈی نے خواتین فٹ بالرز کو مرد کھلاڑیوں کے مساوی معاوضے دینے کا اعلان کیا ہے۔ اسطرح نیوزی لینڈ یہ اقدام اٹھانے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔ نیوزی لینڈ فٹ بال کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ہم نے خواتین اور مرد فٹ بال ٹیموں کے درمیان فرق کو ختم کر دیا ہے اور اب دونوں کو برابری کی سطح پر تمام تر سہولیات اور معاوضے دیئے جائیں گے۔ نیوزی لینڈ فٹ بال کے چیف ایگزیکٹو اینڈی مارٹن نے کہا کہ بلاشبہ یہ ملکی فٹ بال کیلئے ایک تاریخی لمحہ ہے اور اس سے ہمیں ملک میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین فٹ بال کے فروغ میں مدد ملے گی۔