اسلام آباد ۔ 15 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ کسی وزیر کو تبدیل نہیں کیا جا رہا، وزیراعظم عمران خان نے پیغام بھیجا ہے کہ وزراء کی تبدیلی کے حوالے سے میڈیا پر غلط خبریں چل رہی ہیں اس طرح کی خبریں تصدیق کے بغیر نہیں چلنی چاہئیں، غلط خبروں سے ملک کا نقصان ہو گا اس میں میڈیا کا بھی نقصان ہے، وزیر اس لیے وزیر ہیں کیونکہ وزیراعظم عمران خان ان سے مطمئن ہیں،آئی ایم ایف سے مذاکرات پر اسد عمر تفصیل سے آگاہ کریں گے، ہم مضبوط معیشت کی طرف جا رہے ہیں۔ پیر کو یہاں اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب بھی آئی ایم ایف سے بات حتمی مراحل میں ہوتی ہے اس طرح کی خبریں آتی ہیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیر خزانہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کر کے آ رہے ہیں، آئندہ 2 دنوں معیشت کے حوالے سے بڑی خبریں آنے والی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزراء کی کارکردگی رپورٹس وزیراعظم آفس پہنچ چکی ہیں، وزیر اس لیے وزیر ہیں کیونکہ وزیراعظم عمران خان ان سے مطمئن ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ کسی بھی ردوبدل کا اختیار وزیراعظم کے پاس ہے، ایسے کسی بھی فیصلے سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات پر اسد عمر تفصیلی آگاہ کریں گے۔ انشااللہ ہم مضبوط معیشت کی طرف جا رہے ہیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے معاملے میں بھی مثبت پیش رفت سامنے آ رہی ہے۔مزید برآں فاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے اس ضمن میں ایک ٹویٹ بھی جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ حکومتی وزراء کے قلمدان تبدیل کئے جانے کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں، وزراء کی تبدیلی وزیر اعظم کا صوابدیدی اختیار ہے، میڈیا اس ضمن میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔ ٹویٹ میں وزیر اطلاعات و نشریات نے مزید کہاکہ اس وقت پاکستان اہم مرحلے سے گزر رہا ہے اور اس قسم کی قیاس آرائیوں سے ہیجان جنم لیتا ہے، جو ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔