واشنگٹن ۔ 14 مئی (اے پی پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی سرکاری رہائش وائٹ ہائوس میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا جس میں مسلم ممالک کے سفیروں اور سفارتی عملہ کے ارکان نے شرکت کی۔ اس موقع پر امریکی صدر نے کہا کہ رمضان کے موقع پر لوگ مل کر امید، تحمل اور امن کی جستجو کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رمضان امریکا سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کے لئے مقدس مہینہ ہے۔ امریکی صدر نے اس موقع پر حالیہ عرصہ کے دوران مختلف مذاہب کی عبادت گائوں پر ہونے والے حملوں خصوصاً نیوزی لینڈ میں مساجد، سری لنکا میں گرجا گھروں اور امریکی ریاست کیلیفورنیا میں یہودیوں کی عبادت گاہ پر حملے کا زکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان حملوں میں مارے جانے والوں کی یاد میں ہم دہشت گردی اور مذہبی منافرت جیسی برائیوں کو شکست دینے کا عزم کرتے ہیں تاکہ تمام لوگ بلا خوف و خطر عبادت کرسکیں اور اپنے من پسند مذہب کے مطابق زندگی گزار سکیں ۔ انہوں نے آخر میں کہا کہ وہ پوری دنیا کے مسلمانوں کو رمضان کریم کی مبارک باد دیتے ہیں۔