تیل کی تلاش کیلئے جاری ڈرلنگ میں اب چند دن رہ گئے ہیں، ہفتہ دس دن تک حتمی نتائج سامنے آ جائیں گے،وفاقی وزیر بحری امور علی حیدر زیدی

اسلام آباد ۔ 15مئی (اے پی پی) وفاقی وزیر بحری امور علی حیدر زیدی نے کہا ہے کہ تیل کی تلاش کیلئے جاری ڈرلنگ میں اب چند دن رہ گئے ہیں، ہفتہ دس دن تک حتمی نتائج سامنے آ جائیں گے۔نجی ہوٹل میں دیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ تیل اور گیس کی تلاش کیلئے ڈرلنگ کا کام ابھی مکمل نہیں ہوا۔ 5 ہزار 474 میٹر تک ڈرلنگ ہونے پر پریشر سگنل ملا ہے۔ ساڑھے 5 ہزار میٹر گہرائی تک ڈرلنگ کا عمل جاری رہے گا۔ علی زیدی نے بتایا کہ یہ پریشر مختلف مقامات سے ریلیز ہوا ہے، جس سے اچھی خبر کی امید ہے۔ پریشر سگنلز پر بلو آو¿ٹ پری وینٹر کیپ انسٹال کر دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پریشر کی ٹیسٹنگ کا عمل مکمل کر کے دوبارہ ڈرلنگ شروع کر دی ہے۔ تیل کی دریافت کا حقیقی تعین ساڑھے 5 ہزار میٹر ڈرلنگ مکمل ہونے پر ہوگا۔انہوں نے واضح کیا کہ تیل کی دریافت کیلئے قوم دعا کرے، ڈرلنگ کا کام زبردست انداز میں ہوا ہے۔ ڈرلنگ کا کام 60 دن میں مکمل ہونا تھا مگر 120 دن تک پہنچ گیا، اب آخری چند دن رہ گئے ہیں، ہفتہ دس دن تک حتمی نتائج سامنے آ جائیں گے۔