اسلام آباد ۔ 14 مئی (اے پی پی)موجودہ حکومت کے مؤثر اقدامات سے رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران تجارتی خسارے میں نمایاں کمی آگئی، حکومت کی طرف سے ادائیگیوں میں توازن لانے کے لئے جو مؤثر حکمت عملی اختیار کی گئی اس کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے۔ پاکستان ادارہ شماریات ( پی بی ایس) کے اعداد وشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران تجارتی خسارہ 14 فیصد کمی کے ساتھ 23.45 ارب ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال کے اسی مدت کے دوران 27.29 ارب ڈالر تھا۔ موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد برآمدات کے فروغ کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے۔ پاکستانی مصنوعات کی بین الاقوامی سطح پر کھپت کے لئے نئی منڈیاں تلاش کی گئیں۔ تجارتی خسارے کو کم کرنے کے لئے درآمدات میں کمی لانے کے لئے اقدامات بھی کئے گئے۔ اشیائے تعیشیات کی درآمدات پر عائد ٹیکس کو بڑھانے سمیت مقامی صنعت کی ترقی اور بہتری کے لئے بھی مؤثر حکمت عملی اختیار کی گئی جس سے نہ صرف رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران تجارتی خسارے میں کمی آئی بلکی درآمدات بھی سست روی کا شکار رہیں۔