روم ۔ 20 مئی (اے پی پی) سپین کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار اور سابق عالمی نمبر ایک رافیل نڈال نے اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ انہوں نے فائنل میں سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ کو شکست دیکر نہ صرف اپنے ٹائٹل کا بھرپور دفاع کیا بلکہ نویں مرتبہ ٹرافی اپنے نام کرلی ۔ اٹلی میں جاری ایونٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز فائنل میں سٹار سربین کھلاڑی جوکووچ اور ہسپانوی سٹار رافیل نڈال کے درمیان زبردست مقابلہ رہا جس میں رافیل نڈال نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سربین حریف کھلاڑی نوویک جوکووچ کو 6-0، 4-6 اور 6-1 سے شکست دیکر نہ صرف ٹائٹل کا بھرپور دفاع کیا بلکہ نویں مرتبہ اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ اس سے قبل نوویک جوکووچ نے سیمی فائنل میچ میں حریف ارجنٹائنی کھلاڑی ڈائیگو شارٹزمین کو شکست دیکر جبکہ دفاعی چیمپئن رافیل نڈال نے حریف یونانی کھلاڑی سٹیفانوس سٹسپاس کو شکست دے کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔