روم ۔ 14 مئی (اے پی پی) شہرہ آفاق امریکن ٹینس سٹار سرینا ولیمز نے کورٹس میں جاندار واپسی کرتے ہوئے اٹالین اوپن ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز دوسرے رائونڈ میں جگہ بنا لی، وینس ولیمز، میڈیسن کیز، جوہانا کونتا اور گربین مگروزا بھی پہلی آزمائش میں کامیاب رہیں۔ اٹلی میں جاری ایونٹ میں کھیلے گئے ویمنز سنگلز پہلے رائونڈ میچز میں سرینا ولیمز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریبیکا پیٹرسن کو 6-4 اور 6-2 سے شکست دے کر دوسرے رائونڈ میں جگہ بنا لی، وینس ولیمز بھی پہلی رکاوٹ عبور کرنے میں کامیاب رہیں، انہوں نے ایلیز مرٹنز کو شکست فاش سے دوچار کیا، امریکہ کی میڈیسن کیز نے پولونا ہرکوگ کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا، برطانوی کھلاڑی جوہانا کونتا نے علیسن رسکی کو ہرا کر دوسرے رائونڈ کیلئے کوالیفائی کیا، اسپینش کھلاڑی گربین مگروزا نے شوئی زینگ کو شکست دے کر دوسرے رائونڈ تک رسائی حاصل کی، وکٹوریہ آزارینکا نے شوئی زانگ کو زیر کر کے دوسرے رائونڈ میں پہنچنے کا اعزاز پایا، امریکن کھلاڑی ڈینلی روز کولنز نے کیرولین وزنائیکی کو ہرا کر دوسرے رائونڈ کیلئے کوالیفائی کیا۔