لاہور ۔ 16 مئی (اے پی پی ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر، کپتان سرفراز احمد اور چیف سلیکٹر انضمام الحق ورلڈکپ کیلئے حتمی 15 رکنی سکواڈ تشکیل دینے کیلئے مسلسل مشاورت کر رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں مڈل آرڈر بلے باز آصف علی اور فاسٹ بائولر محمد عامر ٹیم کا حصہ بن جائیں گے جبکہ عابد علی اور فہیم اشرف کو ڈراپ کردیا جائیگا۔ ذرائع نے بتایا کہ آصف علی نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں 36 گیندوں پر 51 رنز بنائے اور تیسرے ون ڈے میں 43گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیل کر سلیکٹرز کو اپنے حق میں کرلیا ہے جبکہ انگلینڈ کے خلاف ون ڈے میچز میں پاکستانی بائولرز کی ناقص کارکردگی نے فاسٹ بائولر محمد عامر کی ٹیم میں واپسی کی راہ ہموار کردی ہے۔ محمد عامر چیچک کے مرض میں مبتلا اور لندن میں زیر علاج ہیں۔ محمد عامر کو چیف سلیکٹر انضمام الحق کی آشیر باد حاصل ہے اور قوی امید ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں ٹیم کا حصہ ہونگے۔ انگلینڈ میں 30 مئی سے شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ سے ایک ہفتے قبل تک تمام ٹیموں کے پاس اختیار ہے کہ وہ اپنی مرضی سے ٹیم میں رد و بدل کرسکتے ہیں جبکہ 23 مئی کے بعد ٹورنامنٹ کمیٹی سکواڈ میں میڈیکل یا کسی اور بنیاد پر سکواڈ میں تبدیلی کی اجازت نہیں ہوگی۔