اسلام آباد ۔ 20 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے گٹھ جوڑ کی وجہ وزیراعظم عمران خان دشمنی ہے اور وہ سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لئے ملک میں عدم استحکام لانا چاہتی ہیں، مسلم لیگ (ن) کا بیانیہ ووٹ کو عزت دو نہیں بلکہ نوٹ کو عزت دو ہے، نوٹ کا ان کے ساتھ وجود خطرے میں ہے ، نیب نے جعلی بینک اکاﺅنٹس ہولڈرز کے گرد گھیرا تنگ کیا ہوا ہے ،پاکستانی تارکین وطن وزیراعظم عمران خان کے دل کے قریب ہیں،وزیراعظم عمران خان کے عزم اور حوصلے سے نئے آبی ذخائر کی تعمیر کا خواب حقیقت کا روپ دھارے گا۔ وہ پیر کو یہاں اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے آبی ذخائر کی تعمیر کے حوالے سے پاکستانی تارکین وطن کی جانب سے فنڈ ریزنگ کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی تعلیمات اور بنیادی فلسفہ کے تحت افطار ڈنر کا وقت اللہ تعالی سے اس کی رحمتیں مانگنے اور یہ عوامی حقوق کا خیال رکھنے کا وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا افطار ڈنر اللہ سے دعائیں مانگنے کے لئے نہیں تھا بلکہ وہ عمران خان دشمنی میں اکٹھے ہوئے اور ملک میں عدم استحکام کی حکمت عملی بنانے کے لئے جمع ہوئے۔ دراصل اپوزیشن رہنما افطار ڈنر کا نام استعمال کر کے عمران خان کی دشمنی اور حسد میں جمع ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جو ایک مذہبی دانشور ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں وہ مذہب اور سیاست کو گڈ مڈ کر رہے ہیں اور مخالفانہ طرز عمل اختیار کئے ہوئے ہیں، وہ 1988ءکے بعد پہلی بار اسبملی میں موجود نہیں ہیں، انہیں پاکستان کے قومی مفادات سے کوئی غرض نہیں اور نہ ہی پاکستان کے عوام سے کوئی غرض ہے تاہم حکومت میں نہ ہونا ان کے لئے مسئلہ ہے۔ مریم نواز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عدالت سے سزا یافتہ خاتون پارلیمنٹ ہاﺅس میں اجلاس کی صدارت کر رہی ہے، وہ لوگ جو پارلیمنٹ کی بالادستی کی بات کر رہے ہیں انہوں نے پارلیمنٹ ہاﺅس میں اجلاس منعقد کیا تاکہ ایک سزا یافتہ خاتون اس کی راہداریوں پر آ سکے، یہ اقدام عدلیہ کے ساتھ کھلا مذاق ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف نے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا تاہم حیرت انگیز بات یہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) اس بیانیے کے حوالے سے واضح نہیں ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ تبدیل ہوتا رہتا ہے، یہ اقدام ظاہر کرتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے لیڈر اپنے سیاسی مقاصد کے حصول اور ملک کو کمزور کرنے کے لئے کسی حد تک بھی جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اپنے بیانیے کے ساتھ بیرون ملک بیٹھے ہوئے ہیں جبکہ ان کا بھائی اپنے بیانیے کے ساتھ جیل میں ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا بیانیہ ووٹ کو عزت دو نہیں بلکہ نوٹ کو عزت دو ہے، نوٹ کا ان کے ساتھ وجود خطرے میں ہے کیونکہ نیب نے جعلی بینک اکاﺅنٹس ہولڈرز کے گرد گھیرا تنگ کیا ہوا ہے، جعلی بینک اکاﺅنٹس ظاہر کرتے ہیں کہ اپوزیشن کو صرف نوٹ کی عزت کا خیال ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان عوام کے ووٹوں سے وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں لیکن مسلم لیگ (ن) وزیراعظم کو عزت نہیں دے رہی۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر بات چیت کرتے ہوئے چند تجاویز دیں، حکومت دیگر رہنماﺅں کی مشاورت سے عوام اور ملک کو درپیش چیلنجز اور مشکلات کو کم کرنے کے لئے ان تجاویز پر عملدرآمد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن ملک میں پانی کی کمی کو دور کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کا بڑا مسئلہ پانی کی قلت ہے۔ انہوں نے پاکستان کے حقیقی تاثر کو اجاگر کرنے کے لئے پاکستانی تارکین وطن کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن وزیراعظم عمران خان کے دل کے قریب ہیں، وہ ہمیشہ انہیں استحکام کا ذریعہ قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان سے 70 سالہ پرانا سٹیٹس کو کا نظام بدلنے کے لئے کوشاں ہیں، ہمیں توقع ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے عزم اور حوصلے سے نئے آبی ذخائر کی تعمیر کا خواب حقیقت کا روپ دھارے گا۔