ماسکو۔ 12 جون (اے پی پی)روس کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ بعض یورپی ممالک ایران کے ایٹمی معاہدے سے غلط فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے ماسکو میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران ایٹمی معاہدے پر کاربند ہے اور اس بین الاقوامی معاہدے کا تحفظ کرنے کی ذمہ داری کافی حد تک خود یورپی فریقوں پر عائد ہوتی ہے۔انھوں نے ایران کے خلاف امریکی اقدامات کے بارے میں کہا ہے کہ امریکہ کی یہ بات مکمل طور پر واضح ہو چکی ہے کہ وہ دنیا کو سلامتی کونسل کی قرارداد پر عمل نہ کرنے پر مجبور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔سرگئی لاوروف نے کہا کہ بعض مغربی ممالک اس کوشش میں ہیں کہ ایران کی جانب سے کوئی غلط قدم اٹھایا جائے یا ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی کی جائے۔