اسلام آباد ۔ 23 جون (اے پی پی) موجودہ حکومت کے منی لانڈرنگ کے خاتمے اورقانونی ذرائع سے بیرون ملک سے رقومات کی منتقلی کیلئے اقدامات کے نتیجے میں سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب ترسیلات زرمیں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آرہاہے، اگست 2018ءمیں حکومت سنبھالنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اقتصادی صورتحال کو بہتربنانے کیلئے جوپالیسی ترتیب دی اس میں منی لانڈرنگ کے خاتمے، درآمدات میں کمی اوربرآمدات و ترسیلات زرمیں اضافے پر خصوصی توجہ مرکوزکی گئی۔سٹیٹ بنک آف پاکستان کے اعدادوشمارکے مطابق رواں مالی سال کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زرمیں 10.42 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ جولائی 2018ءسے مئی 2019ءتک سمندرپارمقیم پاکستانیوں نے 20.19 ارب ڈالر کی ترسیلات زر کیں جبکہ مالی سال 2017-18 ءکے اسی عرصے میں 18.28 ارب ڈالرمالیت کی ترسیلات زرکی گئی تھیں