اسلام آباد ۔ 24 جون (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں کہ معصوم فرشتہ کا قاتل قانون کی گرفت میں ہے، یہ ہے عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان جہاں قانون کا یکساں اطلاق ، فوری عمل داری اور اداروں کا استحکام یقینی بنایا جا رہا ہے۔ پیر کو اپنے ٹویٹ میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایسی قبیح حرکت کرنے والے کو مثالی سزا سے ہی معاشرے کو زندگی ملتی ہے اور دل دہلا دینے والے واقعات کا تدارک ممکن ہے۔ انہوں نے اسلام آباد پولیس کو شاباش دی جس کی محنت اور پیشہ وارانہ مہارت کے نتیجے میں گھناونے جرم کا مرتکب ملزم گرفتار ہوا ہے۔