اسلام آباد ۔ 24 جون (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سیّد ذوالفقار عباس بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر کے درمیان آزمودہ دوستی استوار ہے، دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات قائم ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کا شکریہ اداکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امیر قطر نے انسانی وسائل کی ترقی، سیاحت کے فروغ اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کے فروغ کےلئے جو اقدامات کئے ہیں وہ بروقت اور لائق تحسین ہیں۔ ان کا دورہ پاکستان کے عوام کےلئے خوشی کا باعث ہے جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔