آئی ایل ٹی 20 کا حصہ بننا خوش قسمتی ہے، وقار یونس

آئی ایل ٹی 20 کا حصہ بننا خوش قسمتی ہے، وقار یونس

کراچی۔ 26 جنوری (اے پی پی):انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹونٹی (آئی ایل ٹی 20) کا حصہ بننا میرے لئے خوش قسمتی ہے، یہ لیگ وقت کے ساتھ ساتھ مقبول ترین لیگ بنتی جارہی ہے۔خلیجی خطے میں آئی ایل ٹی 20 کی مقبولیت کو سراہتے ہوئے لیجنڈری فاسٹ بولر وقار یونس نے لیگ کی ترقی، یواے ای کی ٹیم کی بہتری اور ٹورنامنٹ میں معروف کھلاڑیوں کی شمولیت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

لیگ کے ساتھ اپنے تجربے پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں شمولیت کو میں اپنی خوش قسمتی تصور کرتا ہوں اور میں نے اس ٹورنامنٹ میں بہت اچھا وقت گزارا۔انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں کرکٹ کا معیار بہت اچھا ہے اور وقت کے ساتھ یہ مقبول سے مقبول تر ہوتا جارہا ہے۔

ابھی اس کے ابتدائی دن ہیں تاہم مجھے یقین ہے کہ کرکٹ کا معیار مزید بہتر ہوگا اور شائقین کرکٹ کی تعداد ہر سیزن کے ساتھ بڑھ جائے گی۔یاد رہے کہ پاکستان کے سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم، شعیب اختر سمیت سائمن ڈول، وریندر سہواگ اور ہربھجن سنگھ بھی اس لیگ میں شامل ہیں۔